۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
مولانا سید صفی حیدر زیدی

حوزہ/ مولانا سید صفی حیدر زیدی نے ایران کے شہر شیراز میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے ایک مذمتی بیان جاری کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سکریٹری تنظیم المکاتب لکھنؤ مولانا سید صفی حیدر زیدی نے ایران کے شہر شیراز میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے ایک مذمتی بیان جاری کیا ہے جس کا متن حسب ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

’’قُلْ مَن كَانَ فِي الضَّلَالَةِ فَلْيَمْدُدْ لَهُ الرَّحْمَٰنُ مَدًّا ۚ حَتَّىٰ إِذَا رَأَوْا مَا يُوعَدُونَ إِمَّا الْعَذَابَ وَإِمَّا السَّاعَةَ فَسَيَعْلَمُونَ مَنْ هُوَ شَرٌّ مَّكَانًا وَأَضْعَفُ جُندًا ‘‘ (سورہ مریم، آیت ۷۵)

(اے رسول!)آپ کہہ دیجئے کہ جو شخص گمراہی میں پڑا رہے گا خدا اسے اور ڈھیل دیتا رہے گا یہاں تک کہ یہ وعدہ الٰہی کو دیکھ لیں .... یا عذاب کی یا قیامت کی شکل میں .... پھر انہیں معلوم ہوجائے گا کہ جگہ کے اعتبار سے بدترین اور مددگاروں کے اعتبار سے کمزور ترین کون ہے۔

انتہائی افسوس ناک اور غم انگیز خبر موصول ہوئی کہ شیراز ایران میں واقع باب الحوائج امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کے فرزند گرامی امام زادہ سید احمد علیہ السلام المعروف بہ شاہ چراغؑ کے روضہ مبارک پر عالمی استعمار کے آلہ کار، انسانیت دشمن تکفیری گروہ داعش نے حملہ کیا اور 20 خادمین و زائرین بارگاہ ملکوتی کو شہید اور 45 سے زیادہ مومنین کو زخمی کر دیا۔

عین اذان کے وقت خادمین و زائرین اور نمازیوں پر حملے سے ظاہر ہے کہ یہ نام نہاد موحد نہ صرف روح توحید سے ناواقف ہیں بلکہ توحید کے مخالف اور منکر ہیں ۔ صدائے تکبیر صرف لقلقہ زبانی ہے اور شیطان کی پیروی انکا نصب العین ہے۔

ظاہر ہے یہ حملہ کوئی اتفاق نہیں بلکہ اسلام و انسانیت دشمنوں کی دیرینہ خواہش ہے۔ جنت البقیع و جنت المعلیٰ کی ویرانی کے بعد ان شرپسندوں کی دلی خواہش یہی رہی کہ شام، عراق اور ایران میں موجود تمام روضوں اور مقدس مقامات کو منہدم کر دیں لیکن اسلامی انقلاب کی کامیابی نے ان کی تمام آرزوؤں پر پانی پھیر دیا۔لہذا تمام باطل طاقتیں اسلامی انقلاب کی دشمن ہوگئیں۔ ایران کا حالیہ فساد بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ جب دشمن بنام آزادی بے حجابی میں کامیاب نہ ہو سکا تو بوکھلا کر امام زادہ شاہ چراغ علیہ السلام کے روضہ پر حملہ کر کے اپنی شکست فاش کا اعلان کر دیا۔

اس حملے نے اندرونی و بیرونی دشمنوں کے چہروں سے نقابیں اتار دیں اور دنیا والوں خصوصاً اہل ایمان کو سوچنے پر مجبور کر دیا کہ بنام آزادی بے حجابی ایک بہانہ تھی انکو اصل دشمنی انسانیت ، انسانی اقدار اورانسانی حریت سے ہے۔ لیکن ہمیں یقین ہے کہ جب تک ولایت فقیہ کا مقدس نظام قائم ہے دشمن کے ہر منصوبے اور سازشیں ناکام ہوں گی اور ان کو ہر محاذ پر شکست فاش ہو گی۔ انشاء اللہ عنقریب اس حملے کے تمام مجرمین اورخیانت کار اپنے کیفر کردار کو پہنچیں گے۔

ہم! اس دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور شہداء کے غم میں سوگوار اور زخمیوں کی صحت کامل، شفائے عاجل کے لئے دعا گو ہیں۔

ہم ! حضرت ولی عصر عجل اللہ فرجه۔ اسلامی انقلاب کے عظیم قائد حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای دام ظلہ الوارف، ملت ایران اور سوگوار کنبوں کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہیں۔

’’وَسَيَعْلَمُ الَّذِينَ ظَلَمُوا أَيَّ مُنقَلَبٍ يَنقَلِبُونَ‘‘

والسلام

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .